کئی صحافی نوازشریف کیلئے آزادی اظہار رائے کا حق مانگ رہے ،عمران خان



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کئی صحافی سزایافتہ نوازشریف کے لیے آزادی اظہار کا حق مانگ رہے ہیں۔

ہم نیوز کے لیے حمزہ علی عباسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ آپ ایک بدکردار اور نیک آدمی کو برابر تصور نہیں کر سکتے، ہمارے ہاں کچھ صحافی عدالت میں چلے گئے اور کہا کہ نواز شریف کو تقریر کا موقع دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عدالت نے سزا دی، ان پر بہت سے کیسز ہیں، وہ کہتے ہیں کہ نواز شریف کو آزادی اظہار کا موقع فراہم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں میڈیا میں لوگ پیسوں کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں جرائم بڑھ رہے ہیں اور  ریپ کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

کرسی چھوڑنا پڑی چھوڑ دونگا، کرپشن معاف نہیں کرونگا: وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آیا تو آئی جیز کا اجلاس بلایا، کرائم ڈیٹا دیکھا تو ریپ کیسز بڑھ رہے ہیں، ریپ کیسز میں ملوث ملزمان کو عبرت ناک سزائیں دینے کے لئے آرڈیننس لائے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ موبائل فون کے غلط استعمال نے تباہی مچا دی ہے، بچے وہ چیزیں دیکھ رہے ہیں جسکا تصور نہیں کیا جاسکتا، ٹی وی وغیرہ پر ہالی ووڈ اور بالی ووڈ کی نقالی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ترک ڈرامے اس لئے لائے ہیں کہ اس میں اسلامی تعلیمات ہیں، آپ لوگوں پر پابندی نہیں لگا سکتے ان کو متبادل تفریح مہیا کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  اب کوشش کریں گے کہ ایسی چیزیں بنائیں جو معاشرے کو اوپر لے جائیں، جو معاشرہ اپنی اقدار اوپر لے جاتا ہے وہ کامیاب رہتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغلوں اور ترک خلافت کا دور دیکھ لیں جب خاندانی نظام تباہ ہوتا ہے تو ریاست قائم نہیں رہتی۔


متعلقہ خبریں