پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، کورکمانڈرز


اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کےناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب جاری اعلامیہ کے مطابق کور کمانڈرز اجلاس میں  ملکی داخلی وخارجی سیکیورٹی،علاقائی امور،اسٹریٹجک صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں خطے اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں عسکری قیادت نے کہا کہ کسی بھی مس ایڈونچر کے خلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے مسلح افواج تیار ہیں۔ پاکستان میں عدم استحکام کی بھارتی کوششوں پر شدید تشویش ہے۔

آئی ایس پی آر اعلامیہ میں کہا گیا  بھارت سی پیک کو سبو تاژ کرنے کیلئے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کررہا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی اداروں اور قوم کے تعاون سے پاک فوج اندورنی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔  یہ ہمارا فرض ہے کہ پاکستانی عوام کی خوشحالی کیلئے ان چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کریں۔

مزید پڑھیں: حالیہ بیان میں قومی سلامتی سے متعلق تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی، ڈی جی آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر،لائن آف کنٹرول پرفائرنگ کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیہ کے مطابق سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں، دہشتگردوں کی مالی معاونت کے ثبوتوں کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں سی پیک کے خلاف بھارتی سازشوں،دہشتگردوں کی مالی معاونت کے ثبوتوں کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ بھارتی فائرنگ سے پاکستانی شہریوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔ کسی بھی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا جائے گا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں کورونا وائرس کی صورت حال اور احتیاطی تدابیر کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے کور کمانڈرز کو کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے قومی کوششوں میں ہاتھ بٹانے کی ہدایت بھی کردی۔


متعلقہ خبریں