پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں کے بعد دنیا خاموش نہیں رہ سکتی،وزیراعظم

وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں 49 فیصد کمی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کو دے دیئے ہیں اس کے بعد دنیا خاموش یا لاتعلق نہیں رہ سکتی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی ریاست براہ راست ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے بھارت مالی معاونت بھی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کو اپنی دہشت گردی کے خاتمے اور پاکستان میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کے قتل کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر مجبور کرے گی۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس کی بہت اہمیت ہے، بھارت کی ایل اوسی پر معصوم شہریوں کو  نشانہ بنانے کی مذمت کرتاہوں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس کا بنیادی مقصد بھارت کا اصلی چہرہ بے نقاب کرنا ہے، بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا پر عیاں ہو چکا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں پر مزید خاموشی پاکستان اور خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی: بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، بھارت بدمعاش ریاست کا روپ دھارنے جا رہا ہے، مزید خاموش رہنا پاکستان  اور خطے کے امن کے مفاد میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کےخلاف نمایاں کامیابیوں کو بھارت ہضم نہیں کر پا رہا، 9الیون کے بعد پاکستان نے بہت بڑی قیمت ادا کی، پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں 32 ہزار شہادتیں اور83 ہزارشہری زخمی ہوئے۔

وزیرخارجہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دہشت گرد ی سے پاکستان کو 126 ارب ڈالرز سے زیادہ معاشی نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے گرد دہشت گردی کا جال بن رہا تھا، بھارت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا تھا، ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں جو دنیا کے سامنے پیش کررہے ہیں، ہمارے پاس مزید تفصیلات بھی ہیں جو بوقت ضرورت سامنے لائی جاسکتی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو پھر سے ہوا دینے کی کوشش کی جارہی ہے، حالیہ دہشت گرد حملے بھارت کے گرینڈ منصوبے کی عکاسی کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے  اور دیگر کالعدم تنظیموں کو شکست دی، آج ان کالعدم تنظیموں میں پھر روح پھونکنے کی کوشش کی جارہی ہے، دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان میں کارروائیوں کیلئے اکسایا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں