سراج الحق کا کراچی میں دوبارہ مردم شماری کرانے کا مطالبہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والی مردم شماری پر ہمیں تحفظات ہیں۔ مطالبہ ہے کہ وعدے کے مطابق دوبارہ مردم شماری کروائی جائے۔

اسلام آباد میں میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے، کراچی کےاندرتمام صوبوں کے لوگ بستے ہیں۔ کراچی میں امن ہو تو پورے پاکستان میں امن ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، شہری اور وفاقی حکومت کراچی سے کچرا تک نہیں اٹھا سکی، حکومت کا احتساب کریں گے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کو ٹائیگر فورس کی نہیں، آٹا، چینی اور سستی دوائی کی ضرورت ہے۔ مافیا وزیراعظم کے دائیں بائیں کھڑا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ضلعی انتظامیہ اپنے ہی احکامات پر عمل درآمد کرانے میں ناکام

گزشتہ روز لاہور سے جاری اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا تھا کہ حکومتی ٹائی ٹینک مہنگائی کے سونامی میں غوطے کھا رہا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا تھا کہ سبز باغ دکھانے والوں نے غریب کو مہنگائی کے بھنور میں پھنسا دیا ہے۔ حکومت نے مہنگائی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ دن بدن مہنگائی کا گراف اوپر اور حکومت کا گراف نیچے جارہا ہے، وہ دن دور نہیں جب حکومت خود مہنگائی کے بوجھ تلے دب جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اپنے ایک بیان میں سینیٹر سراج الحق نے کہا تھا کہ عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جا رہے ہیں جبکہ وزیراعظم کہتے ہیں مہنگائی ختم کرنے کیلئے ٹائیگر فورس بنائیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیرخارجہ صبح وشام جھوٹےاعلانات کرتے ہیں،حکومت جان ومال کی حفاظت میں ناکام ہو گئی ہے۔ نالائق حکومت نے لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا تھا کہ جماعت اسلامی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح نہیں، ہم تباہ کن مہنگائی کیخلاف احتجاج کریں گے، کراچی سےچترال تک نااہل حکومت کیخلاف متحرک ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کپتان سنچری کرتے تھے، اب ہر چیز کی قیمت نے سنچری کرلی ہے،سراج الحق

تین روز قبل اپنے ایک بیان میں سینیٹر سراج الحق نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے اور موجودہ حکومت دنیا کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت خارجی محاذ پر بھی پاکستان کو تنہا کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے کپتان سنچری کرتے تھے، اب ہر چیز کی قیمت نے سنچری کرلی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ملک کی خارجہ پالیسی ناکام ہوئی ہے جس کی وجہ سے دنیا میں پاکستان تنہا ہو گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں