جیلیں اور مقدمات مسلم لیگ ن کے شیروں کا راستہ نہیں روک سکتے، سعد رفیق



لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جیلیں، مقدمات اور الزامات مسلم لیگ ن کے شیروں کا راستہ نہیں روک سکتے۔

ٹیمبل روڈ پر ن لیگ کے احتجاجی جلسے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ دورحکومت میں بیروزگاری اورغربت میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب حکومتیں کام نہیں کرتی ہیں تو معیشت بیٹھ جاتی ہے۔ ہم نے اپنی زندگیاں جمہوریت کے لیے قربان کیں۔ آئین کا احترام کیا جائے اور شہری حقوق بحال کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے۔ 2 سال ہم نے اور قوم نے آپ کو برداشت کیا لیکن آپ نے کام نہیں کیا۔ ساری اپوزیشن احتساب کے دروازے پر کھڑی کی ہوئی ہے۔ ہمیں جیلوں میں ڈال کر اور جھوٹے مقدمے بنا کر کیا ملا؟

مزید پڑھیں: ن لیگی رہنما نہال ہاشمی اور ان کے بیٹوں کی ضمانت منظور

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ گزشتہ 3سال سے مسلم لیگ ن پر مقدمات بنائے جارہے ہیں۔ شہبازشریف نے امانت اور دیانت کے ساتھ پنجاب کی خدمت کی۔ شہبازشریف نے کبھی اپنے خاندان کے کاروبار کے بارے میں بات نہیں کی۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ شہبازشریف کے دور میں 700 ارب روپے پنجاب کا ترقیاتی بجٹ ہوتا تھا۔ کسی منصوبے میں ایک روپے کی کرپشن نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے 50لاکھ گھر دینے کا جھوٹا وعدہ کیا۔ حکومت نے گھر بنائے تو نہیں لیکن گرائے ضرور ہیں۔ حکومت نے کسی کو نوکری نہیں دی لیکن لوگوں کو بیروزگار کردیا۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگی رہنما ایاز صادق نے کہا کہ یہ ملک کو بھی ایسے ہی چلا رہے ہیں جیسے پشاور کی بی آر ٹی چل رہی ہے۔ جب نوازشریف کا حکم ہوگا تو ضرور استعفیٰ دیں گے۔ کارکن سڑکوں پر نکلنے کی تیاری کرلیں۔

اس سے قبل لاہور میں ن لیگ کا احتجاجی جلسے کے دوران خواجہ سعد رفیق کے خطاب سے پہلے ٹرک پر بنایا گیا اسٹیج بیٹھ گیا۔ اسٹیج پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ عمران نذیر سمیت دیگر لیگی رہنما موجود تھے۔


متعلقہ خبریں