سورن سنگھ قتل کیس میں بلدیو کمار بری


بونیر: انسداد دہشت گردی عدالت نے رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سورن سنگھ قتل کیس میں بلدیو کمار اور دیگر ملزمان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

بلدیو کمار کو شک کی بنا پر بری کیا گیا ہے۔

عدالت نے بلدیو کمار کے ساتھی ملزمان عالم خان، سعید خان، اکبرعلی اور بہروز خان کی رہائی کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

22 اپریل 2016 کو موٹر سائیکل سواروں نے تحریک انصاف کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی سورن سنگھ کو ان کے آبائی ضلع بونیر میں قتل کردیا تھا۔

ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بلدیو کمار کے کہنے پر سورن سنگھ کو قتل کیا تھا۔

بلدیو کمار خیبر پختونخوا اسمبلی میں اقلیتی نشست پر سورن سنگھ کے بعد پارٹی کی دوسری ترجیح تھے۔

مقتول سورن سنگھ ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے مشیر برائے اقلیتی امور بھی تھے۔

سورن سنگھ کے قتل کے بعد بلدیو کمار صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے لیکن دو بارعدالتی حکم دیے جانے کے باوجود انہیں حلف نہیں اٹھانے دیا گیا۔

دوسری جانب سورن سنگھ کے قتل میں بلدیو کمار کا نام آنے کے بعد تحریک انصاف نے بھی ان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا تھا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے عدالتی فیصلے پر ردعمل میں  کہا ہے کہ ہم بلدیو کمار کو قاتل سمجھتے ہیں، اس فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔


متعلقہ خبریں