نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ ہی ملزم کے صحت مند ہونے کا ثبوت ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ ہی ملزم کے صحت مند ہونے کا ثبوت ہے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ علاج شروع نہ کرنے کی وجہ بتائی گئی ہے کہ کورونا کی وجہ سے اسپتال جانا چونکہ مناسب نہیں لہٰذا جب کورونا دنیا سے ختم ہو جائے گا تو علاج شروع ہو گا۔

فواد چوہدری نے ایک شعر کا مصرعہ بھی لکھا کہ ’’عجیب نظام روا ہے یہاں نظام کے ساتھ‘‘

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دے دیا۔

نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر سماعت کے دوران دلائل دیتے ہوئے خواجہ حارث نے کہا کہ نواز شریف اس حالت میں نہیں کہ وہ ابھی پاکستان آ سکیں۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ہمارے پاس نواز شریف کی 2 اپیلیں زیر سماعت ہیں، انہیں مخصوص وقت کے لیے ضمانت دی گئی تھی۔ معزز جج نے استفسار کیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت کا اسٹیٹس کیا ہے؟

وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو آگاہ کیا پنجاب حکومت نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی اور اب وہ ضمانت پر نہیں ہیں نواز شریف کو خود کو عدالت کے سامنے پیش کرنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں