اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعرات تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
شدید بارش سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نا لوں میں طغيانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ ادارے خاص طور پر ریزروئیر آپریٹرز / واٹر مینیجرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ملک کے بیشترشہروں میں آج بھی گرج چمک کےساتھ بارش متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب بارش ہوئی اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید برسات کا امکان ہے۔
پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیرمیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، منڈی بہاؤالدین اور حا فظ آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورسرگودھا میں بھی بارش ہوگی۔ میانوالی، خوشاب، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، اوکاڑہ، ساہیوال اور بہاولنگر میں بھی بارش کا امکان ہے۔
لیہ، بھکر، راجن پور، ڈی جی خان، رحیم یار خان، ملتان، بہاولپور، خانیوال، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص، پشاور، ایبٹ آباد، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ ، صوابی، مردان، نوشہرہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، ڈی آئی خان اور کرم میں بھی موسلا دھار بارش ہوگی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش سندھ کے علاقے چھور میں149 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مٹھی73، بدین 44، ٹھٹھہ 38، موہنجوداڑو 34، حیدر آباد 19، میر پور خاص 16، شہید بینظیر آباد 13 اور جیکب آباد میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔