پنجاب میں حلقہ بندیوں کے شیڈول میں توسیع


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات  سے متعلق حلقہ بندیوں کے شیڈول میں توسیع کردی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست کی اشاعت کی تاریخ 17 ستمبر 2020کردی گئی ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست پراعتراضات 18 ستمبر سے 2 اکتوبرتک جمع کرائے جاسکیں گے۔ اعتراضات پر فیصلے 17 اکتوبر 2020 تک کیےجائیں گے۔ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 25 اکتوبر 2020 کو شائع کی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کیلئے کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ صوبے کے 36 اضلاع میں آٹھ مرحلوں میں 6 جولائی سے 13 اکتوبر تک حلقہ بندیاں مکمل کی جائیں گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے میں راولپنڈی ڈویژن میں شامل اضلاع اٹک، چکوال اور جہلم، دوسرے مرحلے میں سرگودھا ڈویژن کے ضلع خوشاب، میانوالی، بھکر کی حلقہ بندیاں ہوں گی۔ فیصل آباد میں تیسرے اور گوجرانولہ ڈویژن میں چوتھے فیز کے دوران حلقہ بندیاں ہوں گی

الیکشن کمشن آف پاکستان کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ڈویژن کے اضلاع شیخوپورہ اور ننکاںہ صاحب میں پانچویں، قصور اور ساہیوال ڈویژن میں چھٹے،، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں ساتویں اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع میں آٹھویں مرحلے کے دوران حلقہ بندیاں فائنل کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے لئے منشور پر کام شروع کر دیا

یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی نے 30 اپریل 2019 کو نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ قانون منظور کرکے اسی روز گورنر پنجاب کو منظوری کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔

نئے قانون کے تحت شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جبکہ دیہات میں تحصیل اور ویلیج کونسل قائم کی جائیں گی۔ ویلیج کونسل اورمحلہ کونسل میں فری لسٹ الیکشن ہوگا اور زیادہ ووٹ لینے والا چیئرمین ہو گا جبکہ زیادہ سے کم ووٹ کی طرف عہدوں کی بالترتیب نمائندگی ہو گی۔

نئے بلدیاتی نظام میں تحصیل اور میونسپل سطح پر انتخاب جماعتی بنیادوں پر ہو گا اور سیاسی جماعتیں بلدیاتی انتخابات کے لئے اپنے پینل دیں گی جبکہ ویلیج کونسل اور محلہ کونسل کا انتخاب غیرجماعتی بنیادوں پر ہو گا۔


متعلقہ خبریں