کراچی میں فائرنگ سے شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی


کراچی: کراچی کے علاقے کلفٹن میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں۔

کلفٹن 26 اسٹریٹ میں فائرنگ سے ایس ایچ او کلفٹن چوہدری شاہد اور ہیڈ کانسٹیبل ہدایت اللہ شدید زخمی ہوگئے تھے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہیڈ کانسٹیبل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

مقتول کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی۔ وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال، آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ سمیت تمام ڈی آئی جیز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

ڈی آئی جی آزاد خان نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے چار اور ایک تیس بور پستول کا خول ملا ہے جب کہ ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے جو ملزمان تک پہنچنے میں کارآمد ثابت ہوگی۔

آزاد خان کے مطابق ملزمان بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل پر سوار تھے جو حملے کے بعد اپنی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔

شہید پولیس اہلکار کے ورثاء کو محکمے کی جانب سے تمام مراعات اور معاوضہ ادا کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں