ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار

ملک بھر میں بارشوں سے موسم خوشگوار

فائل فوٹو


اسلام آباد: جڑواں شہروں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کردیا۔

اسلام آباد، روالپنڈی، ملتان، صادق آباد، فیصل آباد، کشمیر، فاٹا، پسروراور بلتستان سمیت دیگرعلاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ہلکی و تیز بارش سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔ کسانوں کو اپنی تیار گندم کی فصل کی فکر لاحق ہوگئی۔

اسلام آباد و راولپنڈی کے شہری گزشتہ روز کی گرمی کے بعد صبح سے ہونے والی بارش کا لطف اٹھارہے ہیں۔

جڑواں شہروں میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سرد کردیا۔ دفاتر اور گھروں میں کافی و چائے کے دور چل رہے ہیں۔

پنڈی گھیب اور گردو نواح میں سیاہ بادلوں کا ڈیرا ہے جو وقفے وقفے سے بارش برسا رہے ہیں۔

لاہور اور ملحقہ علاقوں میں ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

ملتان میں 5.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے. شہری درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہونے پر موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

شکر گڑھ، ظفروال، ساہیوال اور ملحقہ علاقوں میں ہونے والی بارش نے بھی شہریوں کو خوشی سے نہال کردیا۔

ملتان، شکر گڑھ اور گرد و نواح کے علاقوں میں بارش کے دوران ہونے والی بجلی کی بندش نے شہریوں کو فکرمند بھی کردیا ہے۔

فیصل آباد اور صادق آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش نے موسم خوشگوار کردیا ہے اور کالے بادلوں کا راج قائم ہے۔

دونوں شہروں میں محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہے گا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، کمالیہ، جہانیاں، میاں چنوں، بورے والا، چنیوٹ، وہاڑی اور حافظ آباد میں بھی بارش سے شہریوں کو سکون کا سانس میسر آیا۔

خیبرپختونخوا، مالاکنڈ ڈویژن اور ہزارہ میں بھی ہونےوالی بارش سے شہری لطف اندوزہورہے ہیں۔

پسروراور گرد و نواح میں ہونے والی گرج چمک کے ساتھ بارش نے موسم کو ٹھنڈا کردیا۔

تیز بارش کے باعث زیارت کے ندی نالوں میں طغیانی کی کیفیت ہےاوررابطہ سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

جیکب آباد اور قرب و جوار کے علاقے بھی بارش سے بھیگ چکے ہیں۔

تیز آندھی اور ہواؤں نے سکھر سمیت ملحقہ علاقوں کو رات سے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

ملک کے متعدد علاقوں میں ہفتہ کے روز محکمہ موسمیات نے موسم خشک رہنے کی پیشنگوئی کی ہے۔

گندم کی تیار فصل کو نقصان پہنچا سکنے والی بارش نے کسانوں کو پریشان کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں