کراچی: شہر قائد میں 8 سے 10 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔
کے الیکٹرکے دعوؤں کے باوجود کراچی کے رہائشی علاقوں میں طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بارش کے بعد کیبل فالٹس کے واقعات میں بھی ریکارڈ اضافہ ہو گیا۔
گلشن اقبال 13 ڈی کے علاقے میں 12 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد ، نصرت بھٹو کالونی، ایف سی ایریا سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کئی گھنٹےتک غائب رہی۔
بھٹائی کالونی میں بھی صبح 6 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تو کئی گھنٹے گزرجانے کے بعد بھی بحال نہیں ہوئی۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نور افشاں نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پاور سپلائی میں بہتری آئی ہے اور فرنس آئل کی سپلائی بھی بہتر ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوڈ مینجمنٹ رسد اور طلب میں فرق ہونے کی وجہ سے متاثر ہوتی ہے جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی ایک وجہ تکنیکی خرابی اور کیبل فالٹ بھی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب طلب اور رسد میں فرق زیادہ آجائے تو لوڈشیڈنگ کرنا پڑتی ہے، کے الیکٹرک زیادہ سے زیادہ بجلی بنانے کی خواہشمند ہے لیکن بجلی کی پیداوار کے لیے کے الیکٹرک کے پاس آئل کا فقدان تھا۔
یہ بھی پڑھیں کراچی بارش: چھتیں گرنے سے 4 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ کے الیکٹرک آئل فقدان کے باعث ونڈ پاور سے بجلی حاصل کرتی ہے اور جہاں تک قیمت کی بات ہے تو کے الیکٹرک بجلی بلوں کی قیمت کا تعین نہیں کرتا یہ نیپرا کا کام ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے ڈبلیو ایس بی کے ساتھ رابطے مضبوط ہیں۔