سستا پیٹرول کہاں گیا؟



کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عوام پیٹرول کی تلاش میں دربدر ہیں۔ ملک کے کئی شہروں میں سپلائی میں تعطل کے باعث کئی پیٹرول پمپ بند ہیں۔

پٹرول پمپس تیل دستیاب نہ ہونے کے باعث چھوٹے شہروں میں تیل کی ایجنسیاں دوسو روپے لٹر تک پٹرول فروخت کر رہی ہیں۔

شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں میں مہنگا تیل فروخت کرنے پر اوگرا نے پیٹرول پمپس سیل کر دیئے ہیں۔ 

وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جا رہا۔

یہ بھی پڑھیں: تین کمپنیاں تیل کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث

خیبرپختونخوا کے شہری بھی پیٹرول کے حصول کیلئے لمبی قطاروں کا عذاب بھگت رہے ہیں۔ سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بھی پٹرول کی قلت کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔ پیٹرول ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آئل کمپنیاں ادائیگی کے باوجود پیٹرول سپلائی نہیں کر رہیں۔

وزیراعظم نے بلا تاخیر ذمہ داروں کا تعین کرنے اور فوری ایکشن کا حکم دیا ہے۔ عمران خان نے چیئرمین اوگرا کو طلب کرتے ہوئے تلقین کی ہے کہ اگر چئیر مین اوگرا ذمہ دار نکلے تو رعایت نہیں ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی ملک بھر میں پیٹرول بحران کا نوٹس لیتے ہوئے 72 گھنٹوں میں تیل کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کتنا سستا ہوا؟

پٹرول بحران پر وفاقی حکومت کی قائم کردہ کمیٹی نے ایکشن لیتے ہوئے دو آئل کمپنیز کے سی ای اوز کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ شیل پاکستان، ہیسکول پٹرولیم اور گولمیٹڈ کے ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گراں فروشی اور قلت میں ملوث پیٹرول پمپ سیل کردیئےجائیں گے، اوگرا

پولیس کے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے جو مقدمہ درج کرایا ہے ان میں ہیسکول اور گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے سی ای اوز نامزد کیے گئے ہیں۔

وفاق کی انکوائری کمیٹی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے سی ای اوز کو نوٹسز جاری کرکے طلب کرلیا ہے۔

پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرتوانائی عمرایوب نے بتایا کہ پاکستان میں پیٹرول کے10دن کےذخائرموجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ذخیرہ اندوز مافیا کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں اور تمام متعلقہ ادارے مافیا کے خلاف متحرک ہیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ پہلی بار تاریخ میں مختلف مافیاز کےخلاف پی ٹی آئی حکومت کارروائی کررہی ہے اور عوام کو ہرطرح سے سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔


متعلقہ خبریں