پی ایس پی میں جانے والے ایم کیو ایم رہنما پلٹ آئے

پی ایس پی میں جانے والے ایم کیو ایم رہنما پلٹ آئے | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے والے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین کو واپس لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ایم کیو ایم میں اختلافات سے بد دل ہونے والے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے یکم اپریل کو پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا تاہم فاروق ستار انہیں واپس لانے میں کامیاب ہو گئے۔

پیر کے روز فاروق ستار حیدر آباد میں سید وسیم حسین کے گھر پہنچے اور ان کے اہل خانہ کی موجودگی میں ان سے ملاقات کی۔ وسیم حسین کی والدہ نے رکن قومی اسمبلی سے کہا کہ وہ فاروق ستار کی بات مان لیں۔

گھر پر ملاقات کے بعد وسیم حسین، فاروق ستار کے ہمراہ ایم کیو ایم حیدر آباد کے زونل دفتر پہنچے اور پارٹی میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔

میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد کچھ لوگوں کی خواہش تھی کہ ایم کیوایم ختم ہو جائے گی لیکن ایسا سوچنے والے آہستہ آہستہ خود ختم یو گئے۔

ایم کیو ایم سے پی ایس پی اور پھر واپس ایم کیو ایم میں آنے والے سید وسیم حسین، فاروق ستار کے ہمراہ - ہم نیوز
ایم کیو ایم سے پی ایس پی اور پھر واپس ایم کیو ایم میں آنے والے سید وسیم حسین، فاروق ستار کے ہمراہ – ہم نیوز

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ بہادر آباد والے بھی اسی طرح مان جائیں اور ایم کیو ایم ماضی کی طرح دوبارہ ایک ہو جائے۔

گیارہ اپریل 1972 کو پیدا ہونے والے سید وسیم حسین 2013 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقے این اے 220 حیدرآباد سے رکن منتخب ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں