سندھ: تعلیمی اداروں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب

ملک بھر میں تمام کلاسز کا باقاعدہ آغاز 7 جون سے کر دیا جائے گا۔

فوٹو: فائل


کراچی: وزیرتعلیم سندھ سعیدغنی نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو کھولنے یا نہ کھولنے سے متعلق فیصلے کے لیے محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سندھ بھر کے اسکولوں اور کالجز کی بندش میں توسیع یا کھولنے سے متعلق فیصلہ کل ہوگا۔ سندھ کے اسکولز وکالجز 15 اگست تک بند رکھے جائیں یا نہیں، اس سے متعلق فیصلہ کل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس میں میٹرک وانٹرمیڈیٹ کے لیے پروموشن پالیسی پرغورکیا جائے گا۔میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے طلبا کے پروموشن پالیسی کا فیصلہ بھی کل ہوگا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت سے 15 اگست تک تعلیمی ادارے بند رکھنے کی سفارش کی ہے۔

دریں اثناء صوبے بھر کے پرائیویٹ اسکول وکالجز نے 15 جون سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر رکھاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے کل کے اجلاس میں پرائیویٹ اسکول ایسو سی ایشن کے صدور بھی شرکت کریں گے۔

اس سے قبل پرائیویٹ اسکولزایسوسی ایشن نے اسکول وکالجزکی بندش میں توسیع کرنے پراحتجاج کا عندیہ دے دیا تھا اور نجی تعلیمی ادارے 15 جون سے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر محکمہ تعلیم سندھ نے یکم جون کے بعد بھی تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھرکے تمام امتحانی بورڈز کو یکم جون کے بعد ایس او پیز کے تحت دفاتر کھولنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا، ملک بھرمیں تعلیمی ادارے 31 مئی تک بند رکھنے کا اعلان

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن  میں کہا گیا تھا کہ 12 مئی کو اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں صوبے بھر کے تمام  نجی اورسرکاری تعلیمی ادارے یکم جون کے بعد بھی بند رہیں گے۔

محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پہلی سےآٹھویں جماعت تک کے طالب علموں کواگلی جماعت میں پروموٹ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل کورونا  وائرس کے پھیلاو کے خدشے کے پیش نظر بندش کے بعد پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نجی اسکولوں کو ہفتے میں 2 روز دفاترکھولنے کی اجازت دے دی تھی۔

صوبائی وزیرتعلیم مراد راس نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نجی اسکولوں کو ایس او پیز کے مطابق ہفتے میں صرف دو دن دفاتر کھولنے کی اجازت ہوگی۔


متعلقہ خبریں