کراچی: کراچی پولیس کے سینئر افسر ڈاکٹر رضوان خان کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے رکن اسمبلی منظر امام کو انہی کی جماعت نے قتل کروایا۔
ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر رضوان خان نے بدھ کو نیوز کانفرنس میں بتایا کہ نیوکراچی پولیس نے زاہد اقبال نامی ملزم کو گرفتار کیا ہے جو 13 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے زاہد اقبال کے قبضے سے اسلحہ اور ہینڈ گرنیڈ بھی ملا ہے۔ ملزم مزید وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔
ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کی تنظیم ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ جس کا مقصد صرف انارکی پھیلانا ہے۔
ایس ایس پی نے دعویٰ کیا کہ ملزمان کے دیگر ساتھی چھپے ہوئے ہیں جو حالات بہتر ہوتے ہی منظر عام پر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم نے ایم کیو ایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے سربراہ حماد صدیقی کے کہنے پر ایم پی اے منظر امام کا قتل کیا۔
ڈاکٹر رضوان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ عزیزآباد پولیس نے نجی سیکیورٹی کمپنی کے گارڈ تنویر کو بھی گرفتار کیا ہے۔ جو نجی بینک میں تعنیات تھا اور اپنے ساتھیوں زبیر خان اور کاشف کے ساتھ مل کر بینک لوٹنے کا منصوبہ بنا چکا تھا۔

