اسلام آباد: چین کی کیمونسٹ پارٹی کا کہنا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں چین کی حمایت اور یکجہتی کے اظہار پر مسلم لیگ ن کے شکرگزار ہیں۔
کیمونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تین صفحات پر مشتمل ایک خط ارسال کیا جس میں مسلم لیگ ن کا شکریہ ادا کیا گیا۔
خط میں تحریر کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس نے تمام ممالک میں عوام کی صحت وسلامتی کو خطرات سے دوچار کر دیا، کورونا کے خلاف چین کی جنگ میں پاکستانی معاشرے کے مختلف طبقات نے حمایت کی۔
کیمونسٹ پارٹی کے خط میں لکھا گیا ہے کہ چین کی حمایت میں پاکستان کی طرف سے دل چھو لینے والے واقعات سامنے آئے۔
یہ بھی پڑھیں: چین سے طبی سامان کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی
خط میں لکھا گیا ہے کہ چین کی معیشت اور معاشرہ معمول پر واپس آرہے ہیں۔
شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں کیمونسٹ پارٹی نے بتایا ہے کہ چین میں زندگی اور پیداوار تیزی سے بحال ہورہی ہے مگر بحالی کے اس عمل میں حفاظت اور بچاؤ کے اقدامات مستقل بنیادوں پر لاگو کئے گئے ہیں۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ چین نے کورونا وائرس سے متعلق معلومات عالمی ادارہ صحت اورعالمی برادری کو بروقت فراہم کیں اور اپنی استعداد کے مطابق مختلف ممالک کی مدد کی اور وائرس کے خاتمے کے لیے تعاون کیا۔
کیمونسٹ پارٹی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ چین کورونا کے انسداد کے لیے اپنا تجربہ بانٹیے گا اور تعاون پر مبنی اقدامات کرتے رہے گا۔