اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں قائم سرکاری قرنطینہ سنٹرز میں بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کو تمام سہولیات دینے کا دیا ہے۔
بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو قرنطینہ سنترز میں دی جانے والی سہولیات سے متعلق کیس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامہ جاری کردیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ سرکاری قرنطینہ میں مسافروں کو تمام سہولیات دی جائیں۔ مسافروں کو وہی سہولیات دی جائیں جو مہنگے ہوٹلز میں قائم قرنطینہ میں دی جاتی ہیں۔ قرنطینہ میں مسافروں کو بنیادی آئینی حقوق سے محروم نہ رکھا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نے مسافروں کیلئے حکومت کو 6 نکاتی ہدایت نامہ بھی جاری کر دیا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ہر مسافر کو پاکستان واپسی پر قرنطینہ کے تمام آپشن بتا کر مرضی کی جگہ پر ٹھہرایا جائے۔ مسافروں کے اہلخانہ کو مکمل معلومات فراہم کرنا یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں: ‘ایئر پورٹس پر ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی سہولیات پر توجہ دے رہے ہیں’
اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ مسافروں سے متعلق منفی تاثر ختم کرنے کیلئے حکومت اقدامات کرے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حاجی کیمپ میں قائم قرنطینہ سنٹر کا دورہ کرنے کیلئے نمائندہ مقرر کریں۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ حاجی کیمپ کے قرنطینہ سنٹر میں تمام بنیادی حقوق اور سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ ڈی سی اسلام آباد حاجی کیمپ قرنطینہ سنٹر میں سہولیات سے متعلق 3 دن میں جواب جمع کرائیں۔