کراچی: گھر سے نکلنے کیلئے فیس ماسک پہننا لازمی قرار

کراچی: گھر سے نکلنے کیلئے فیس ماسک پہننا لازمی قرار

فائل فوٹو


کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں کاروباری، صنعتی اور عوامی سرگرمیوں کے لیے ہر شہری پر گھر سے نکلتے ہوئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ 

کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق ملازمت، کام کی جگہ، کاروباری اور صنعتی مقام پر داخلے سے قبل ملازمین کا طبی معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کھانسی، بخار، نزلہ اور زکام کی شکایت ہونے کی صورت میں ملازمین کا کاروبار اور کار خانوں میں داخلہ ممنوع ہوگا۔

عملے کے کسی بھی فرد میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری اسپتال منتقل کیا جائے گا۔کمشنر کراچی کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گھر سے باہر نکلنے والے افراد پر فیس ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ جمعے کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی سے 77 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 48 گھنٹوں میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 147 کورونا کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کراچی کے 6 اضلاع میں کورونا وبا سے زیادہ متاثر ہونے والے 30 سے زائد علاقے ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں