اسلام آباد: کورونا وائرس کے پیش نظر پاک افغان بارڈر کی بندش کے بعد پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل معطل کردیا گیا ہے۔
مہاجرین کے عالمی ادارہ یو این ایچ سی آر کے ترجمان کے مطابق افغانستان کے ساتھ پاکستان کی طرف سے چمن اور طورخم بارڈر کراسنگ بند کیے جانے کے بعد افغان مہاجرین کی رضاکارانہ واپسی روک دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق اضاخیل اور بلیلی میں قائم رضاکارانہ واپسی کے مراکز کو اگلے احکامات تک بند کردیے ہیں۔
مزید پرھیں: پاکستان سمیت دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا عالمی دن
ترجمان کے مطابق یو این ایچ سی آر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی عالمی کوششوں کے ساتھ ہے۔ حکومت پاکستان کی طرف سے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کی جامع منصوبہ کی اعانت کرتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 3 ماہ کے موسم سرما کے وقفے کے بعد 2 مارچ کو افغان شہریوں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل شروع ہوا تھا، اس دوران 28 افراد پر مشتمل 9 خاندان واپس افغانستان گئے۔