انٹرنیٹ کی سست رفتاری امتحان میں کم نمبروں کا سبب قرار


اسلام آباد: انٹرنیٹ استعمال کرنے والے طلبہ کے نتائج متاثر ہونا تو واضح تھا تاہم پہلی بار انکشاف کیا گیا ہے کہ انٹرنیٹ کی خرابی امتحان میں کم نمبروں کی وجہ بن رہی ہے۔

برطانیہ میں کی گئی ایک حالیہ تحقیق میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری کو امتحان میں نمبرز کم آنے کی ایک وجہ قرار دیا گیا ہے۔

محقیقین کے مطابق بچوں کو بہت سے ایسے اسائمنٹس دیئے جاتے ہیں جس کا سارا مواد انٹرنیٹ پر ہی دستیاب ہوتا ہے، اس لیے اب نمبروں کا انحصار انٹرنیٹ کی رفتار پر بھی ہے۔

‘بچے پڑھائی میں کیوں پیچھے رہ جاتے ہیں؟ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے برطانوی محقیقین نے اعدادوشمار بھی بیان کئے ہیں۔ جائزے کے مطابق دس لاکھ سے زائد بچے انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے سے امتحان میں اچھے نمبر نہیں لا پاتے۔

تحقیق کے شرکاء میں سے 69 فیصد بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ اسکول کا دیا گیا کام کرنے کے لئے انٹرنیٹ لازم ہے۔ سات فیصد والدین اس بات کی نفی کرتے اور 15 فیصد انٹرنیٹ کی کم رفتار کو پڑھائی متاثر کرنے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

جائزے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ تقریباً 38 فیصد بچے وکی پیڈیا اور یوٹیوب نامی ویب سائٹس کی مدد سے اپنا ہوم ورک یعنی گھر کے لئے دیا گیا کام مکمل کرتے ہیں۔

یہ تحقیق اس لئے دلچسپ قرار دی گئی ہے کہ ماضی میں مختلف جائزوں کے دوران انٹرنیٹ کے نقصانات واضح کئے جاتے رہے ہیں۔

ایک تحقیق میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے طلباء اپنے ہم جماعتوں کے مقابل کم ذہین پائے گئے تھے۔ ایک اور مطالعے میں بتایا گیا تھا کہ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے طلباء کی توجہ یا فوکس شدید متاثر ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں