مخصوص ٹولہ روزانہ حکومت گرانے کی بات کرتا ہے، وزیراعظم


اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک مخصوص ٹولہ روزانہ حکومت گرانے کی بات کرتا ہے، ہم عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں، ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہو گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ارکان سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کچھ نہ کرے تو اپنا کوئی وزیر ایسا بیان دے دیتا ہے کہ اسکو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے تاہم میں ہر وقت بحران کے لیے تیار رہتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ایسے بھی وزیر ہیں جو دفتر سے زیادہ اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں بیٹھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد: سوشل میڈیا کمپنیوں کے لیے پاکستان میں رجسٹریشن لازمی قرار

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف جان بوجھ کر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، سوشل میڈیا پر مثبت تنقید بالکل ہونی چاہیے۔روزانہ صبح اٹھ کر موبائل دیکھتا ہوں تو پتا چل جاتا ہے کہ آج کس بحران کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت پر حملہ کرنے سے پہلے تصدیق کرلیں کہ خبر سچی ہے یا جھوٹی۔

انہوں نے کہا کہ اکثر ہمارے اپنے لوگ میڈیا کی فیک نیوز کے پراپیگنڈے میں آجاتے ہیں، مایوسی کفر ہے اچھا وقت جلد آئے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‏آٹے چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ پبلک کی جائے گی، جو بھی اس میں قصور وار نکلا اسکو میں نہیں چھوڑوں گا چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا ارکان نے اپوزیشن رہنماؤں کو ملنے والی ضمانتوں پر وزیراعظم سے سوال کیا کہ ایک ایک کر کے سب کرپٹ افراد کو ضمانتیں مل رہی ہیں۔جس جس کو نیب نے پکڑا وہ تمام ضمانتوں پر رہا کیوں ہو رہے ہیں؟ ایسے ہی ضمانتیں ملتی رہیں تو انصاف کیسے ہوگا؟

وزیراعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضمانت ملنا ایک لیگل پراسس ہے۔ ضمانت ملنے کا مطلب کیسز کا ختم ہونا نہیں ہے۔کسی کو شک نہیں ہونا چاہئیے کہ یہ تمام افراد کرپٹ ہیں۔ کل دوبارہ کیس لگا تو یہ پھر اندر جا سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سوشل میڈیا کے لوگ ہماری طاقت ہیں۔ جلد سوشل میڈیا کنونشن کرانے کا اعلان کریں گے۔ سوشل میڈیا کے ذمہ داران خبر دینے سے پہلے تصدیق کو یقینی بنائیں۔


متعلقہ خبریں