اسلام آباد: قومی ٹیم کے چیف سیلکٹر و کوچ مصباح الحق نے سابق کپتان سلمان بٹ اور کامران اکمل کو ٹیم میں منتخب نہ کرنے کی وجہ واضح کر دی۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے قومی ٹیم کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دونوں اوپنر اس وقت بھرپور فارم میں ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح محمد رضوان نے بھی آسٹریلیا اور قائداعظم ٹرافی کے دوران اچھے رنز بنائے ہیں، جب جگہ بنتی ہے تب ہی نئے کھلاڑی کو موقع دیا جاتا ہے، ابھی ٹیم کو ایسی کوئی ضرورت نہیں ہے، دونوں کھلاڑیوں کو انتظار کرنا ہو گا۔
یاد رہے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے لئے 16 رکنی اسکواڈ میں عثمان شنواری کی جگہ فہیم اشرف کو موقع دیا گیا ہے جب کہ کاشف بھٹی کی جگہ بلال آصف ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ٹیم پرفارم کر رہی ہے اس لیے زیادہ تبدیلیاں نہیں کر رہے۔ مخالف ٹیم کو کبھی بھی آسان ہدف نہیں سمجھنا چاہیےاس لیے ہماری کوشش ہوتی اچھی ٹیم میدان میں لائی جائے۔
مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کوئی گارنٹی نہیں کہ اگر کسی ٹیم نے ایک میچ میں پرفارم کیا تو اگلی میں بھی وہ جیت کر آئیں گے، پہلے سے کچھ ڈیفائین نہیں کرسکتے۔
بنگلہ دیش کیخلاف اظہرعلی کیپٹن، عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، بلال آصف، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، محمد عباس، محمدرضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود اور یاسر شاہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ مہمان ٹیم پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے 6 فروری کو پاکستان آئے گی۔