جرمنی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ و ماڈل لیلیٰ داستان پاکستان کی محبت میں گرفتار ہو گئی ہیں اور انہوں نے یہاں مستقل طور پر رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستان ایک فیشن شو میں شرکت کے لیے آئی اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور ثقافت دیکھ کر یہاں سے واپس جانے کا دل نہیں چاہتا سو میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہاں ہی مستقل طور پر رہائش پذیر ہو جاؤں۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستانی ملبوسات کی دیوانی ہوں اور یہاں ایک فلم میں مایہ ناز اداکاروں جاوید شیخ، معمر رانا اور شہروز کے ساتھ کام کر رہی ہوں۔
لیلیٰ نے بتایا کہ وہ جرمنی میں پیدا ہوئیں اور اسلام سے تعلق رکھتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اردو زبان سے پیار ہے اور آج کل اردو سیکھ رہی ہوں۔ پاکستانی فلمیں اور ڈرامے بہت پسند ہیں جب کہ راحت فتح علی خان میرے پسندیدہ گلوکار ہیں۔
جرمن اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر سے پاکستان کا منفر تاثر ختم کرکے مثبت تاثر قائم کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میں جانتی ہوں کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔