اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی

گندم، آٹے، انڈے اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، سیکریٹری خزانہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں آٹے کی قلت سے نمٹنے کے لئے 3 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی اجلاس میں پنجاب اور پاسکو کو اپنے ذخائر سے گندم فوری ریلیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق پنجاب اور پاسکو کے گندم جاری کرنے سے آٹا کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی جبکہ درآمد شدہ گندم کی پاکستان آمد 31مارچ تک مکمل ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گندم لے کرآنے والے بحری جہازوں کیلئے کیماڑی بندرگاہ پر جگہ مختص کروانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ روایتی طور تمام امور کو طے کرنے میں 15سے 20 دن لگتے ہیں تاہم آٹے کے جاری بحران کو دیکھتے ہوئے یہ تمام امور 48 گھنٹوں میں مکمل کیے جائیں گے۔

ای سی سی اجلاس میں اس بات پر مشاورت ہوئی کہ یوکرائن سے گندم جلد پاکستان لائی جاسکتی ہے جبکہ آسٹریلیا اور امریکہ سے گندم آنے میں 50 دن سے زیادہ کا عرصہ درکار ہے۔


متعلقہ خبریں