میجر جنرل بابر افتخار ڈی جی آئی ایس پی آر، آصف غفور جی او سی اوکاڑہ تعینات


اسلام آباد: میجر جنرل بابر افتخار کو ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کردیا گیا جبکہ میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی اوکاڑہ کردیا گیا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل اظہر وقاص کو ڈی جی ایم آئی لگا دیا گیا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور کو 15 دسمبر 2016 کو اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

اپنے الوداعی ٹوئٹ میں میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ الحمداللہ، جن کے ساتھ رابطہ رہا سب کا شکریہ۔

انہوں نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں کی محبت اور حمایت کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے ڈی جی آئی ایس پی آر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

آئی ایس پی آر اعلامیے کے مطابق میجر جنرل افتخار بابر کا تعلق آرمڈ کور کی یونٹ 6 لانسر سے ہے۔

انہوں نے 1990 میں فوج میں کمیشن حاصل کیا، میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے گریجویٹ ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میجر جنرل بابر افتخار نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اردن کے رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے بھی گریجویٹ ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار دوران ملازمت کمانڈ اینڈ اسٹاف پوزیشنز پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

میجر جنرل بابر افتخار بریگیڈ میجر، انفنٹری کے بریگیڈیئر اسٹاف کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔

جنرل بابر افتخار نے آپریشن ضرب عضب کے دوران انفنٹری اور آرمڈ بریگیڈ کی کمانڈ کی۔

میجر جنرل بابرافتخار این ڈی یو اور پی ایم اے میں انسٹرکٹر کی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ میجر جنرل بابر افتخار کے چار بیٹے ہیں۔


متعلقہ خبریں