لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نہ نکالنے کے معاملے پر حکومت سے تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔
عدالتی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو سات دن کا وقت دیا تھا، بتایا جائے مریم نواز کی درخواست پر تاخیر سے فیصلہ کیوں کیا گیا۔
وکیل مریم نواز نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ کی دو درخواستیں لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں، ایک پاسپورٹ واپسی اور دوسری نام ای سی ایل سے نکالنے کی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کو مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر قانون کے مطابق سات دن میں فیصلہ کرنے کا کہا گیا تھا لیکن 4 ہفتوں تک فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وکیل مریم نواز نے بتایا کہ وفاقی حکومت کا گزشتہ رات ایک لیٹر ملا ہے جس میں حکومت نے نام ای سی ایل سے نکالنے سے انکار کر دیا ہے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنےکا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔