’عمران خان نیا نیب قانون کیسز کا سامنا کرنے والے دوستوں کو بچانے کے لیے لائے ہیں‘


 ملتان ، سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیا نیب قانون بدعنوانی کے کیسز کا سامنا کرنے والے دوستوں کو بچانے کے لیے لائے ہیں۔

ملتان سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نیب قوانین میں ترامیم کر کے ثابت کردیا کہ اس ادارے کا قیام سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے سوا سب نے تسلیم کیا کہ نیب اپنی مرضی سے کسی کیخلاف ایک قدم بھی نہیں اٹھا سکتا۔ موجودہ نیب آرڈیننس سے عمران خان کے دوست بہت خوش ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے تجربے سے کہتا ہوں کہ یہ ایک کالا قانون ہے جس کو مزید اندوہناک بنایا گیا ہے۔

جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ اسکے ذریعے حزب اختلاف کو جیل کی کال کوٹھڑیوں میں ڈال کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں اس طرح کے قانون کو سیاہ دھبہ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ نیب ایک عیب ہے جو سیاسی معاشی اور ملکی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے۔ یہ آمروں کو قوم پر مسلط کرنے کی راہ ہموار کرتا ہے۔ عمران خان میں بھی آمر بننے خواہش تو ہے مگر صلاحیت نہیں۔

انہوں نے کہا  کہ عمران خان نے ملکی معاملات کو کھیل کا میدان بنا رکھا ہے۔ احتساب کا ایسا نظام لایا جارہا ہے جس سے اپنوں کو بچایا اور مخالف کے لیے ملک جہنم بنا دیا جائے۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ عمران خان کو اپنا انجام سامنے رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور قوم کا وقت ضائع کرکے اس طرح کے اقدامات نہیں کرنے چاہئیں جس سے تفریق کا تاثر ظاہر ہو۔ انصاف سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔ نیب کی آڑ میں نفرت کےجو بیج بوئے جائیں گے اور اس سے جو فصل تیار ہوگی وہ عمران خان نہیں کوئی اور کاٹے گا۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ فرد واحد کا تاثر قائم کرنے کے بجائے اجتماعی قیادت پیدا کرنی چاہیے۔ ایسے اقدامات سے ملک اور قوم کا نقصان ہوگا جس کی توقع عمران خان سے نہیں کرتا۔


متعلقہ خبریں