’وزیراعظم کا استعفیٰ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے بھی لیا جا سکتا ہے‘


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی رہنما شائستہ پرویز ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ لینے کے لیے آزادی مارچ آخری راستہ نہیں تھا، تحریک عدم اعتماد کے ذریعے بھی یہ کام کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ لینا حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کا مشن ہے جس کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی۔

شائستہ پرویز ملک نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس یک نکاتی ایجنڈے پر اکٹھی ہوئی ہیں کہ اس نااہل حکومت سے نجات چاہیے، ہم یہ سب عوام کی فلاح کے لیے ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو میں کہا کہ آزادی مارچ کے شرکا کے واپسی کے لیے چار بنیادی مطالبات رکھے گئے ہیں جو کہ بالکل جائز ہیں، حکومت کو چاہیے کہ ان مطالبات کو پورا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نالائق اور نااہل حکومت نے بیرونی محاذ پر بھی ملک کو بدنام کرکے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں چیلنج کرتی ہوں کہ آج اسی وقت کسی مداخلت کے بغیر شفاف انتخابات کرا لیں تو پتا چل جائے گا کہ ہم کہاں کھڑے ہیں اور یہ کہاں۔

’نیب پر اعتماد نہیں کرتے‘

اس سوال کے جواب پر کہ انٹرپول نے تو اسحاق ڈار کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے اب کیا وہ وطن واپس آئیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ کیوں واپس آئیں؟

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں قومی احتساب بیورو (نیب) پر اعتماد نہیں ہے یہ حکومت کا ادارہ بن گیا ہے، اس صورت حال میں سابق وزیر خزانہ واپس کیوں آئیں؟

پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ کی بالادستی کو نقصان پہنچایا ہے، یہ سیشنز نہیں بلاتے بلکہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قانون سازی کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں