وزیر اعظم نے ہر سال 50 ہزار اسکالر شپس دینے کا اعلان کر دیا


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ہر سال 50 ہزار انڈر گریجویٹ اسکالر شپس دینے کا اعلان کر دیا۔ 

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکالر شپس دینے کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ ان لوگوں کو اسکالر شپس دی جائیں گی جن کے گھر میں پیسہ نہیں ہے جبکہ احساس انڈر گریجویٹ اسکالر شپس میں 50 فیصد خواتین کو کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس اسکالر شپس پروگرام معاشرے میں بڑی تبدیلی لائے گا۔ دیگر ممالک میں بہترین تعلیم سرکاری اسکولوں میں دی جاتی ہے۔ نوجوانوں کو موقع نہیں دیں گے تو ان کے پاس کیا راستہ رہ جائے گا۔ بیروزگاری کی وجہ سے نوجوانوں نے جرائم کی دنیا میں قدم رکھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو بیروزگاری اور منشیات سے بچانے کے لیے تعلیمی اداروں کا قیام ناگزیر ہو گیا ہے جبکہ ملک سے غربت ختم کرنے کے لیے نوجوانوں کو مواقعے فراہم کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی دفعہ ہر غریب گھرانے کے پاس علاج کے لیے صحت کارڈ ہو گا۔ جلد راشن پروگرام کا بھی آغاز کر رہے ہیں جس کے لیے ڈیٹا اکھٹا کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ریاست اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لیتی ہے لیکن دینی مدارس کے طلبا کے لیے کسی نے کوشش نہیں کی اور مدارس کے طلبا کو ترقی کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نمل یونیورسٹی میں وہ ڈگریاں رکھی گئیں جن سے نوجوانوں کو روزگار مل سکے اور طلبا کو نمل یونیورسٹی سے گریجویشن کے فوری بعد روزگار مل گیا۔


متعلقہ خبریں