لاہور: سانحہ چونیاں میں ملوث چار بچوں کے قاتل سیریل کلر سہیل شہزاد کی گرفتاری پر ملنے والے انعام پر دو اداروں کے بیچ میں تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔
قاتل سہیل شہزاد کی گرفتاری پر 50 لاکھ روپےکی انعامی رقم کے پولیس اور فرانزک افسران دونوں دعویدار بن گئے ہیں۔
دونوں اداروں میں تکرار جاری ہے کہ ملزم کی گرفتاری ہماری نشاندہی پر ہوئی۔
فرانزک سائنس ایجنسی کا موقف ہے کہ ڈی این اے ٹیسٹ سے ملزم کو پکڑنے میں آسانی ہوئی اور یہ ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے کیے۔
دوسری جانب پولیس کا موقف ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے تفتیش میں پولیس اہلکاروں نے اہم کردار ادا کیا، مختلف شواہد اور ثبوتوں سے ملزم کو قانون کی گرفت میں لائے لہٰذا انعامی رقم کی حقدار پولیس ہے۔
اس صورت حال کے باعث پنجاب حکومت کے حکام تذبذب کا شکار ہیں کہ انعامی رقم کس ادارے کو دی جائے۔