’خون دینا پڑا تو دیں گے لیکن شہہ رگ نہیں کٹنے دیں گے‘

عمران خان بزدل اور ڈرپوک ہے، چیئرمین پی پی پی


گانچھے: بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، خون دینا پڑا تو دیں گے لیکن شہہ رگ نہیں کٹنے دیں گے۔

گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خوبصورت وادیوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل پیپلزپارٹی حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل حل کیے اور انہیں سبسڈی کا تحفہ دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نہ جانے کا دعوے دار نہ صرف وہاں گئے، قرضہ لیا اور خودکشی بھی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیسے رہنما ہیں جو وعدہ کیا اس سے مکر گئے جو نعرہ لگایا اسے بھول گئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان بزدل اور ڈرپوک ہے، وہ اپنے اوپر تنقید برداشت نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک میں مزدور بے روزگار ہوں اور کسان بھوکے سوئیں وہ ملک ترقی نہیں کر سکتا، نہ بے روزگاری ختم ہوئی نہ غربت اور عوام پر ٹیکسیوں کا بوجھ ڈال دیا۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مابین رابطہ

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قائدین پر جھوٹے مقدمے قائم کیے جاتے ہیں اور بغیر سزا کے انہیں جیلوں میں ڈالا جاتا ہے، احتساب  کے نام پر  انتقام لیا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس دن مودی نے کشمیر پر حملہ کیا کٹھ پتلی عمران خان نے 70 سالہ باپ کے سامنے مریم نواز کو گرفتار کرایا۔

انہوں نے کہا کہ جس دن میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر گیا، فریال تالپور کو زبردستی اسپتال سے جیل منتقل کیا گیا تاہم ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے ہتھکنڈوں کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ رہا ہے، ہم ایسا ہرگز ہونے نہیں دیں گے، نہ کشمیر کو چھوڑیں گے نہ ہی اس معاملے پر سودہ بازی کرنے دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، اس کے لیے ہزار سال جنگ لڑنی پڑے تو بھی لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارے لیے صرف زمین کا ٹکرا نہیں، جہاں کشمیریوں کا پسینہ بہے گا وہاں ہمارا خون بہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی اس خوش فہمی میں نہ رہے کہ پاکستانی عوام کسی کو بھی کشمیر پر سودا بازی کرنے دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق بھارتی وزیراعظم مودی کی انتخابات میں کامیابی سے قبل عمران خان نے کہا تھا کہ مودی کے الیکشن کے بعد مسئلہ کشمیر حل ہونے کی امید ہے، آپ کی دعا سے مودی الیکشن جیت گیا، کیا یہ ہے کشمیر کا حل؟

انہوں نے کہا کہ آج مظلوم کشمیری ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، افسوس کی بات ہے کہ عمران خان حکومت نے لڑنے سے پہلے ہی ہےہتھیار ڈال دیے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ مشکل وقت میں عوام کو دلاسہ دینے کے بجائے ’سلیکٹڈ‘ حکمران خود ڈرے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں