جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ


لاہور: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز نے آڈیو ویڈیو ٹیپ کے ذریعے ڈوبتی نون لیگ کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن انہوں نے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے آج قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے اور پریس کانفرنس میں آڈیو ویڈیو ٹیپ پیش کر کے ہمدردیاں سمیٹنے کی ناکام کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم نے دیکھا کہ مریم نواز نے کس نام سے ٹیپ چلائی اور اسے مارکیٹ میں بیچنے کی کوشش کی جبکہ آڈیو ٹیپ کو ٹمپر کرنے والے جعلساز ٹولے کا سرغنہ جیل میں ہے لیکن اس سے پہلے اس ٹیپ کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کیوں پیش نہیں کیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پیش کی گئی ویڈیو کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا، راج کماری نے آج ظل سبحانی کے باڈی گارڈ کے کردار کو اجاگر کیا اور بھتیجی نے چچا کو بلڈوز کر کے کونے پر لگا دیا۔

یہ بھی پڑھیں مریم نواز نے نواز شریف کو سزا سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پیش کردی

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے نہیں بھاگے اور عدالتوں پر حملے نہیں کرائے جبکہ سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر عمران خان نے40 سال کی منی  ٹریل پیش کی۔

معاون خصوصی نے ناصر بٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ناصر بٹ مشہور زمانہ قاتل اور منشیات فروش نیٹ ورک کا کارندہ ہے جو قتل کے مقدمے میں 20 سال تک انگلینڈ میں مفرور رہے لیکن جب نون لیگ اقتدار میں آئی تو ناصر بٹ کے مقدمات ختم کر کے انہیں پاکستان واپس لائے۔


متعلقہ خبریں