ایک لاکھ 63 ہزار افراد کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 63 ہزار افراد کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔ اگلے دو ہفتوں میں وزیر اعظم شعبہ صحت بڑا اعلان کریں گے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رتو ڈیرو لاڑکانہ میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ تاریخ میں اتنی تیزی سے ایڈز کی بیماری نہیں پھیلی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ڈپارٹمنٹ نے 21 ہزار 375 لوگوں کی اسکریننگ کی گئی، جس میں 681 افراد میں ایڈز کی بیماری پائی گئی جن میں 537 بچے متاثر تھے جبکہ ان بچوں کے والدین ایڈز کے مرض میں مبتلا نہیں ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ موذی مرض ایڈز کے پھیلنے کی وجہ استعمال شدہ ٹیکے ہیں جنہیں دوبارہ پیک کر کے مارکیٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ غیر معیاری خون کے انتقال کی وجہ سے بھی ایڈز پھیلتا ہے تاہم صوبائی حکومت محنت سے اس مسئلے پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایڈز سے بچاؤ : عالمی ادارے نے حکومت سندھ کا ’بھانڈا‘ پھوڑ دیا

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ایڈز پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے جبکہ 23 مئی کو صوبائی وزیرصحت کے ہمراہ لاڑکانہ کا دورہ بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے عالمی ادارہ صحت اورسی ڈی سی ٹیم سے مدد لی ہے جن کی 10 رکنی ٹیم جلد کراچی پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کرے گی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ایڈزسے متاثرہ افراد کو دوائیاں فراہم کر رہے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ٹریٹمنٹ مراکز بھی بنائے جا رہے ہیں۔ ایک لاکھ 63 ہزارافراد کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں