ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان

ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر شہروں جن میں اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، بہاولپور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور اور گوجرانوالہ میں گرچ چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلات اور ژوب ڈویژن میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: رمضان المبارک میں ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

کشمیر،  گلگت بلتستان اور اطراف کے پہاڑی علاقوں میں بھی آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ سندھ میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ بلوچستان کے بھی بیشتر حصوں میں موسم گرم رہے گا۔

گزشتہ روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ بلوچستان اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

منگل کو سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں 04 ملی میٹر جبکہ بلوچستان کے علاقہ بارکھان میں 03 ملی میٹر، نوکنڈی 02 ملی میٹر اور کوئٹہ، دالبندین میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی سندھ کے اضلاع شہید بے نظیر آباد 44 ڈگری سینٹی گریڈ، جیکب آباد، دادو، پڈعیدن، موہنجو داڑو، حیدرآباد، سکھر، روہڑی، میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں بھی 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ اتوار کو ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور تیز آندھی کے باعث متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔ پشاور، سوات، اٹک، کامونکی، مری، منڈی شاہ جیونہ، گجرات، راولپنڈی اور دیگر کئی شہروں میں تیز آندھی اور ہوا کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں