بلوچستان کے سب سے بڑے اسپتال کا آپریشن تھیٹر بند


کوئٹہ: بلوچستان کے سب سے بڑے اسپتال بولان میڈیکل کالج کمپلیکس اسپتال (بی ایم سی) میں آپریشن تھیٹر بند ہوگئے۔

بی ایم سی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ صرف ایمرجنسی آپریشن تھیٹر فعال رہے گا، نجی کنٹریکٹر کو لانڈری کی مد میں نو ماہ سے ادائیگی نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق کنٹریکٹر نے آپریشن تھیٹر میں استعمال ہونے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے ملبوسات کی دھلائی سے بھی معذرت کرلی ہے۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ کے بولان میڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کو مشکلات

مریضوں کے لواحقین نے آپریشن تھیٹر بند ہونے کے خلاف دھرنا دے کر احتجاج شروع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ 30 اپریل کو بولان میڈیکل کمپلیکس میں ویل چیئر نہ ملنے پر خاتون مریضہ کو دوپٹے پر لٹا کر گھسیٹنے پر مجبور ہو گئی تھی۔

بولان میڈیکل کمپلیکس میں شناختی کارڈ کے بغیر مریضوں کے لواحقین کو نہ اسٹریچر دیا جاتا ہے اور نہ ہی ویل چئیرز۔ اسپتال میں آئی خاتون ویل چیئر نہ ملنے کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئی اور اپنے ساتھ لائی مریضہ کو دوپٹہ پر لٹا کر گھسٹتنے پر مجبور ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں کوئٹہ: 22 لاکھ کی آبادی کے لیے صرف پانچ سرکاری اسپتال

خاتون کی مشکل میں اس کی مدد کے بجائے اسپتال کا عملہ تماشہ دیکھتا رہا اور کسی نے بھی خاتون کی مدد کرنا گوارا نہیں کیا۔

بولان میڈیکل کمپلیکس نے اس معاملہ کو اٹھایا تو حکومت کو بھی ہوش آ گیا۔ صوبائی وزیر صحت نصیب اللہ مری پہلے تو ویڈیو کو جعلی قرار دیتے رہے اور بعد ازاں معاملے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔


متعلقہ خبریں