پاکستان کرکٹ ٹیم نے لیسٹر شائر کو بھی آؤٹ کلاس کردیا

پاکستان کرکٹ ٹیم نے لیسٹر شائر کو بھی آؤٹ کلاس کردیا

لندن: پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے لیسٹر شائر کے خلاف میچ میں 58 رنز سے فتح حاصل کرلی۔ میچ میں اسٹار بلے باز بابر اعظم نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

برطانیہ کے خلاف سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کا یہ آخری ٹور میچ تھا۔ قومی کرکٹ ٹیم اس سے قبل ٹور میچوں میں کینٹ اورنارتھمپٹن شائر کی ٹیموں کو بھی شکست سے دوچار کرچکی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر200 رنز بنائے جس کے جواب میں لیسٹر شائر کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 142 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔

میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم نے 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 52 اور آصف علی نے 22 رنز اسکور کیے۔

لیسٹر شائر کے خلاف کھیلے گئے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے عماد وسیم اور شاہین آفریدی نے  دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے پویلین کی راہ دکھائی۔

محدود اوورز کے دو میچوں میں اس سے قبل عماد وسیم اور فخر زمان بھی قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ اتوار کو کھیلا جائے گا جس کے بعد پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز آٹھ مئی سے شروع ہوگی۔


متعلقہ خبریں