بھارتی اداکار سنی دیول بی جے پی میں شامل


نئی دہلی:  بالی ووڈ اداکار سنی دیول نے وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

بھارتی وفاقی وزیر نرملہ ستھارمن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں سنی دیول نے وزیراعظم نریندرامودی کو نجات دہندہ قرار دیتے ہوئے ان کی جماعت میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ نریندرمودی کی شخصیت سے متاثر ہو کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے جیسے میرے والد دھرمیندر نے واجپائی سے متاثر ہوکر بی جے پی کا حصہ بنے تھے، نریندرمودی کو مزید پانچ سال کے لیے ملک کا وزیراعظم رہنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پارٹی میرے لیے خاندان کی طرح ہے اور میں اس کے لیے کیا کرتا ہوں، یہ میں بول کر نہیں بلکہ کرکے دکھاوں گا۔

وفاقی وزیر نرملہ ستھارمن نے کہا کہ بارڈر فلم میں محافظ کا کردار ادا کرنے والے اداکار نے اسی جماعت میں آنا تھا، ان کی حب الوطنی پر فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارت:لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کا آغاز ہو گیا

سنی دیول نے بی جے پی میں اس وقت شمولیت اختیار کی ہے جب بھارت میں انتخابات ہورہے ہیں۔ وہ ان الیکشن میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے یا نہیں اس حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی انہیں چندی گڑھ یا گورداسپور میں لوک سبھا کے الیکشن میں مقابلے کے لیے اتار سکتی ہے۔

سنی دیول کے والد دھرمیندرا 14ویں لوک سبھا کا حصہ تھے اور انہوں نے راجھستان کی نمائندگی کی تھی۔ اداکارہ اور دھرمیندرا کی اہلیہ ہیما مالنی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ایم پی رہ چکی ہیں جبکہ ان انتخابات میں بھی وہ اسی پارٹی کے ٹکٹ سے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں