عمران خان نے سب پر واضح کر دیا کہ جو کام کر ے گا وہی رہے گا، اجمل خان



اسلام آباد: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سب پر واضح کر دیا ہے کہ جو کام کر ے وہ رہے گا نہیں تو گھر جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے کہہ رہے ہیں کہ جو لوگ اب حکومت میں لائے گئے وہ ان کے دور حکومت میں بھی تھے میں ان کو یہ بتا دوں کہ اس وقت ان کا لیڈر آصف علی زرداری تھا اور آج ان کا لیڈر عمران خان ہے دونوں لیڈروں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کھلاڑیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، وزیر اعلیٰ کے پی کے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بارے میں غلط خبریں چلائی جا رہی ہیں۔

اجمل خان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں اتنے دورے کسی وزیراعظم نے وزیرستان کے نہیں کئے جتنے عمران کر چکے ہیں کیونکہ انہیں وہاں کے لوگوں کی محرومیوں کا اندازہ ہے۔

حکومت میں 70 فیصد سے زیادہ لوگ  ٹیکنوکریٹ ہیں، افنان اللہ

رہنما مسلم لیگ ن ڈاکٹر افنان اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں 70 فیصد سے زیادہ لوگ یا ٹیکنوکریٹ ہیں یا تو ان کا تعلق پیپلز پارٹی سے رہ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ سابق حکومتوں نے قرضہ لے کر ملک کا بیڑا غرق کر دیا انہیں یہ یاد نہیں کہ حفیظ شیخ کا بھی تعلق ایک سابق پارٹی سے رہ چکا ہے اور وہ بھی وزارت خزانہ کا حصہ رہ چکے ہیں جنہوں نے قرضے لیے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف نے 100 ارب روپے لگا کر ایک بی آر ٹی بنائی ہے جبکہ شہباز شریف نے انہیں پیسوں میں پنجاب میں چار میٹرو بنائی ہیں۔

ثابت ہو گیا کہ پیپلز پارٹی کے لوگ قابل تھے تب ہی  کابینہ میں شامل ہیں، حیدر زمان قریشی

رہنما پیپلز پارٹی حیدر زمان قریشی نے کہا کہ 2011 کے جلسے میں عمران خان نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کے خزانے کا بیڑا غرق کر دیا میں ان کو یاد دلا دوں کہ اس وقت کے وزیر خزانہ حفیظ شیخ ہی تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب ٹیم میں ردوبدل کی جاتی ہے تو اس کے بعد اگلا نمبر کپتان کا ہی ہوتا ہے، جیسے ان سے وزارت داخلہ لی گئی ہے اسی طرح حکومت بھی لے لی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ثابت ہو گیا کہ پیپلز پارٹی کے لوگ قابل تھے اسی وجہ سے آج ان کی کابینہ میں شامل ہیں، آصف علی زرداری نے سچ کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹانے کی ضرورت نہیں پڑے گی یہ لوگ خود اپنے بوجھ سے گر جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بھی دن گنےجا چکے ہیں بہت جلد انہیں وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹا دیا جائے گا اور اگلا آنے والے وزیراعلیٰ کا تعلق خطہ پوٹوہار سے ہو گا۔


متعلقہ خبریں