نیب کا ٹرینڈ چل چکا کہ سیاستدان کرپٹ ہیں، خورشید شاہ


سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ نیب کا ٹرینڈ چل چکا ہے کہ ملک میں سیاستدان کرپٹ ہیں، کرپشن کو ختم کرنے کے لیے اگر صرف سیاستدانوں کو گرفتار کیا جائے تو یہ غلط ہے۔

نیب کی کارروائیوں پر تبصرہ کر تے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نیب پہلے نواز شریف. پھر شہباز اب حمزہ شریف کے خلاف کاروائی کررہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے ساتھ تو ان کا حساب ہی اپنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  وزیراعظم عمران خان اور چیئرمین نیب کی ملاقاتیں ہو رہیں ہیں، اگر نیب واقعی ایک آزاد ادارہ ہے تو پاکستان تحریک انصاف کے لئے آزاد کیوں نہیں ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان اور ایم کیو ایم کا منشور ایک ہے دونوں جماعتیں دہشتگردوں کے سرپرست ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران نے قوم سے ایک کروڑ لوگوں کو نوکریاں دینے کا جھوٹ بولا، بتایا جائے کہ سات ماہ گزرنے کے باوجود کتنے بندوں کو نوکریاں دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سات ماہ میں بجلی. گیس پیٹرول ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، عمران خان سے سب مایوس ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ سلیکٹر اچھی سلیکشن کرتے ہیں مگر  اس بار سلیکٹر سے غلطی  ہوئی، سلیکٹرز کو کہیں گے اچھے کھلاڑی سلیکٹ کریں۔


متعلقہ خبریں