حکومت پارلیمان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بند کردے، رضاربانی

صدر مذاکرات میں کردار ادا نہیں کر سکتے، فوری اصلاح نہ کی تو تباہی کے سوا کچھ نہیں، رضا ربانی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سینیٹر رضاربانی نے کہاہے کہ حکومت پارلیمان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بند کردے۔ ۔اگر پارلیمان کو کچھ ہوا تو وفاق بھی بچ نہ پائے گا۔ انہوں نے یہ بات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کے اجلاس میں کہی۔

سینیٹر جاوید عباسی کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں وزیر قانون کی عدم حاضری پرچیرمین کمیٹی کی طرف سے  اظہار برہمی کیا گیا۔

چیرمین کمیٹی نے استفسار کیا سیکرٹری صاحب وزیر صاحب کہاں ہیں؟

سیکرٹری قانون نے کمیٹی کو بتایا کہ وزیر قانون  نے کہا تھا وہ آئیں گے شاید ابھی آجائیں۔

اس پر چیرمین کمیٹی نے کہا تو کیا پھر سارے ممبرز وزیر صاحب کے پاس چلے جائیں؟

کمیٹی رکن سینیٹر رضاربانی نے کہا میری تجویز ہے وزیر کی عدم موجودگی کی وجہ سے  کمیٹی کا اجلاس ملتوی کردیا جائے۔ وزیر صاحب اور ان کی منسٹری سنجیدہ نظر نہیں آرہی۔ وزیر خود نہیں آتے پھر کہا جاتا ہے پارلیمنٹ تعاون نہیں کرتی۔ رضاربانی نے کہا یہ کوئی طریقہ نہیں اس طرح کمیٹی ممبران کا وقت ضائع ہوتا ہے۔

چیرمین کمیٹی نے کہا ہم نے وزیر صاحب کے کہنے پر 26 مارچ کی بجائے 4 اپریل کمیٹی کی تاریخ رکھی،اگر وزراء نے یہی رویہ رکھنا ہے تو پارلیمنٹ کو تالا لگا دیں۔

رضاربانی نے کہا حکومت پارلیمان کے اندر ایک ایلیٹ گروپ تشکیل دینے کی کوشش کررہی ہے۔یہ ایلیٹ گروپ کچھ وزرار اور مشیروں پر مشتمل ہے۔اگر پارلیمان کو کچھ ہوا تو وفاق بھی بچ نہ پائے گا۔حکومت پارلیمان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بند کردے۔

انہوں نے کہا موجودہ حکومت قانون سازی میں دلچسپی نہیں لے رہی۔

یہ بھی پڑھیے:18ویں ترمیم کو واپس لینے کے نتائج انتہائی خطرناک ہونگے،رضا ربانی

سینیٹر ولید اقبال نے کہا مانتا ہوں وزیر صاحب کو یہاں ہونا چاہئےلیکن کسی ایک شخص کی بات یا رویے کوحکومت کی ترجمانی نہ سمجھا جائے۔ہوسکتا ہے ان کو کوئی مسئلہ ہو یا وہ راستے میں ہوں۔

چئیرمین کمیٹی نے کمیٹی اجلاس میں وزیر قانون کی عدم حاضری پر بطور احتجاج اجلاس ملتوی کردیا۔


متعلقہ خبریں