اسلام آباد میں بارش، اٹک میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا

ملک کے مختلف علاقوں میں پانچویں روز بھی بارش اور برفباری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں صبح کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تیز بارش کی وجہ سے گزشتہ دو روز کے دوران پڑنے والی گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم سرد ہوگیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اٹک اور اس کے گرد و نواح میں بھی تیز بارش ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ صبح کے وقت ہونے والی بارش سے شہر کے نالوں اور گلیوں میں پانی بھر گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق تیز بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو سخت نقصان پہنچنے کے بھی خطرات لاحق ہیں۔

فوٹو: ہم نیوز

ملکہ کوہسار مری میں رات بھر وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا اور صبح کے وقت موسم نہایت دلفریب ہو گیا۔ آج مری کا درجہ حرارت کم سے کم سات اور زیادہ سے زیادہ چودہ ڈگری تک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کی کی جانب سے اگلے چوبیس گھنٹے تک وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ مہمند میں بھی  بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ مالاکنڈ، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق  آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سندھ میں گرم رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق  آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا اور  سندھ میں گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔ پنجاب اور آزاد کشمیر کے اکثر اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بہاولپور، رحیم یارخان، ملتان، فیصل آباد، راجن پور، خانیوال، پاکپتن، لودھراں اور چنیوٹ میں جزوی طور پر مطلع ابرآلود رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز بلوچستان کے تمام اضلاع میں مطلع جزوی طور پر آلود رہنے کی پیش گوئی کی ہے تاہم قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا اہم مالاکنڈ، کوہاٹ اور بنوں ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش چترال میں 08 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں