فیصل آباد: عمران خان مخالف بات کرنے پر جواد احمد کو اسٹیج سے اتار دیا گیا


فیصل آباد: گلوکار جواد احمد کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف بولنا مہنگا پڑ گیا، فیصل آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہیں اسٹیج سے اتار دیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق جواد احمد نے کہا کہ ہرحکومت ایک دوسرے کو کرپٹ کہتی ہے، اس کا مطلب ہے کہ پاکستان جب سے بنا ہے تب سے آج تک ساری کرپٹ حکومتیں ہی آئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما ندیم ڈوگر کے بھائی بابر ڈوگر نے جواد احمد کو گفتگو مکمل نہ کرنے دی۔ مائیک چھین کر اسٹیج سے اتار دیا۔

نوجوانوں نے آڈیٹوریم میں گو جواد گو کے نعرے لگائے اور ان کو گھیرے میں لے لیا۔ کشیدگی بڑھنے پر آر پی او فیصل آباد غلام محمود ڈوگر نے بیچ بچاوُ کروایا۔

تیش میں آئے نوجوانوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف متنازع گفتگو نہیں سنی جائے گی۔

بعدازاں اپنے ویڈیو پیغام میں جواد احمد کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں عدم برداشت کا کلچر عمران خان نے بنایا، تمام نوجوان سابقہ حکومت پر تنقید پر تالیاں بجا رہے تھے تاہم عمران خان پر تنقید کچھ انصافینز سے برداشت نہ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میری تنقید کا مطلب تحریک انصاف کے کارکنان بھی سمجھ رہے تھے، میں انتظار کروں گا کہ کب یہ نوجوان برابری پارٹی پاکستان میں شامل ہوں گے۔

معروف گلوکار کا مزید کہنا تھا کہ ان ہی نوجوانوں کے ساتھ مل کر پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں گے۔


متعلقہ خبریں