نیب کے قوانین میں ترامیم ہونی چاہیئے، صداقت عباسی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ نیب کے قوانین میں ترامیم ہونی چاہیئے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین میں ترامیم ہونی چاہیئے لیکن یہ اس وقت اتنا بڑا مسئلہ نہیں کے وزرات خارجہ اور معیشت کو ایک طرف رکھ دیا جائے۔  نیب ایک قانون ہے بس اس میں تھوڑی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں خامیاں ہیں لیکن خامیاں دور کی جاسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن کے بنا آئین یا قانون میں ترمیم نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ملکی مفاد میں عمران خان کو اپوزیشن سے بات کرنی پڑی تو انہیں آنا چاہیے اور وہ آئیں گے کیونکہ ان کی ذات پاکستان کے مفاد سے آگے نہیں۔

ہم قانون میں کوئی تبدیلی نہیں چاہتے لیکن اس میں بہتری کی ضرورت ہے،رانا تنویر حسین

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم حکومت کی باتیں سن سن کر تھک گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب کچھ یک طرفہ کارروائی کی طرح کیا جارہا ہے۔ ہم کسی قانون میں کوئی تبدیلی نہیں چاہتے لیکن اس میں بہتری کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کیس میں جے آئی ٹی بنے تو بنایئں،صداقت عباسی

رانا تنویر حسین نے کہا نیب کی تحویل میں موجود علیم خان دن میں گھر چلے جاتے ہیں اور رات دس بجے واپس آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملہ یہ ہے کہ ہر معاملے میں حکومت کا رویہ بہت ہتک آمیز ہوتا ہے۔ بھارت کے معاملے پر بھی حکومتی رویہ اچھا نہیں تھا۔

رانا تنویر نے کہا کہ یہ عجیب حکومت ہے درست انداز میں بات بھی نہیں کرتی اور کسی نمائندے کو بھیج دیا جاتا ہے۔

اب تک عوام کو کیا ریلیف ملا،حیدر زمان قریشی

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حیدر زمان قریشی نے کہا کہ اب تک حکومت نے کونسا ایسا کام کیا ہے جس سے عوام کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس کا قانون دو برس کے لیے آیا تھا لیکن اس کی مدت وسیع کردی گئی۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں ملٹری کورٹس کی کارکردگی کے بارے میں معلوم ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں