فاٹا انضمام کے بعدتاریخ میں پہلی بار عدالتی کارروائیوں کا آغاز

فاٹا انضمام کے بعدتاریخ میں پہلی بار عدالتی کارروائیوں کا آغاز

فوٹو: ہم نیوز


مہمند: فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی بار عدالتی کارروائیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند کے لیے تعینات ہونے والے ڈسٹریکٹ سیشن اور دو ایڈیشنل سیشن جج سمیت چار ججز نے شبقدر میں چارج سنبھال لیا ہے۔

آج سے ضلع مہمند کے تمام کیسسز پر سماعت کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

محکمہ ایجوکیشن چارسدہ سے ان ججز ایڈمنسٹریشن کا کام چلانے کے لیے عارضی طور پر کلیریکل اسٹاف کو بھی تعیات کر دیا گیا ہے۔

کیسز پر کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہونے کے بعد سائلین اپنے کیسز کی سماعت کے لیے اپنے متعلقہ عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فاٹا انضمام: پولیٹیکل ایجنٹ کا عہدہ ختم ، ڈپٹی کمشنرز تعینات

فاٹا خیبرپختونوا کا حصہ بن گیا، انضمام کا بل قومی اسمبلی سے منظور

واضح رہے کہ پہلے مرحلہ میں یہ عدالتیں عارضی طور پر شبقدر میں قائم کی گئی ہیں جس کو بعد میں قبائلی اضلاع کو منتقل کیا جائے گا۔

پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو سفارش کی تھی کہ فاٹا کے تمام اضلاع میں سات جوڈیشل کمپلیکس سمیت 49 عمارتیں تعمیر کی جائیں، 7ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، 14 ایڈیشنل جبکہ 24 سول ججز کی تعیناتی سمیت 846 ملازمین کی بھرتی بھی کی جائے۔

فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد پولیٹیکل ایجنٹ کا عہدہ  بھی ختم کر دیا گیا ہے اور اب ان کی جگہ ڈپٹی کمشنرز تعینات کیے گئے ہیں۔

فاٹا انضمام

پاکستان کے قبائلی علاقوں فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کے لیے 27 مئی کو کے پی اسمبلی میں فاٹا بل پیش کیا گیا جسے اکثریت رائے نے منظور کرلیا، بل کے حق میں مجموعی طور پر92  ووٹ پڑے جبکہ سات ارکان نے بل کی مخالفت کی تھی۔

بل کی منظوری کے بعد فاٹا اور پاٹا کو آئین سے حذف کردیا گیا جس کے بعد فاٹا کی قومی اسمبلی سے 12 نشستیں ختم ہوئیں اور قومی اسمبلی کی نشستوں کی مجموعی تعداد 342  سے کم ہو کر 336  ہو گئی۔

اسی طرح خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشستیں 145  ہو گئیں جس میں فاٹا سے 16، خواتین کی چار اور اقلیتوں کی ایک نشست ہے، 2018 کے انتخابات میں فاٹا سے منتخب ہونے والے قومی اسمبلی اور فاٹا سے موجودہ ممبران سینیٹ پراس کا فوری اطلاق نہیں ہوگا اور وہ اپنی مدت کی تکمیل تک سینیٹ اور قومی اسمبلی کے رکن رہیں گے۔


متعلقہ خبریں