جعلی اکاؤنٹس کیس: اہم سرکاری افسر اسلام آبادسے گرفتار



اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی نے کراچی میں اہم عہدے پر تعینات سرکاری افسر آفتاب میمن کو گرفتار کرلیا ہے۔

نیب راولپنڈی کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا ہے کہ  سیکرٹری لینڈ اینڈ یوٹیلائزیشن سندھ آفتاب میمن کوجعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

نیب نے آفتاب میمن کو احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کی عدالت میں پیش کیا تھا۔ عدالت نے ملزم کو 13 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا ہے۔

آفتاب میمن پر800 ملین کی خورد برد کا الزام ہے۔

آفتاب میمن ایک اہم سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین تھےاور سندھ میں بطور سیکرٹری لینڈ اینڈ یوٹیلائزیشن ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم کا حجم 300ارب سے تجاوز کرگیا ہے۔

کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو مزید ثبوت ملے ہیں اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں نیب 26 ریفرنسز دائر کرے گا اور امکان ہے کہ  4 ریفرنسز 20مارچ سے قبل دائر کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی بینک اکاؤئنٹس کیس اسلام آباد منتقلی کیلئے نیب کی درخواست

زرداری خاندان اور وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف مزید 9 کیسز کھل گئے

ریفرنسز آصف علی زرداری اور دیگر ملزموں کے خلاف دائر کئے جائیں گے۔ جے آئی ٹی اور نیب کی ،شترکہ تحقیقاتی ٹیم 10 سے 12 مزید ریفرنسز پر کام کر رہی ہے۔

قومی احتساب بیورو آصف علی زرداری، بلاول بھٹو اور فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کررہا ہے۔ سابق صدر اور فریال تالپور نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

ملزمان نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سپریم کورٹ سے لارجر بینچ بنانے کی استدعا کی تھی جو مسترد ہوچکی جبکہ باقی نظرثانی کی اپیلیں بھی مسترد کردی گئی ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی( ایف آئی اے) نے بے نامی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کی تھیں اور اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی۔ سپریم کورٹ نے نیب کو مزید تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

ایف آئی اے نے اسی معاملہ میں نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی اور بینکر طحہ کو گرفتار کیا تھا جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ اومنی گروپ کے سربراہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں کے ساتھ تعلق کا اقرار بھی کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں