ڈریپ سربراہ کی ڈگری مشکوک قرار


اسلام آباد: ڈرگ ریگولٹری اتھارٹی (ڈریپ) چیف ایگزیکٹو افسر )سی ای او) ڈاکٹر شیخ اختر حسین کی ڈگری بھی مشکوک قرار دے دی گئی۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں اس بات کا انکشاف کیا گیا کہ ڈریپ سربراہ کی ڈگری بھی اصلی نہیں بلکہ اس ڈگری کو ایچ ای سی نے اپنی ویب سائٹ پر بلیک لسٹ میں ڈال رکھا ہے اور ڈگری کی تصدیق سے معدزرت کرلی ہے۔

ہم نیوز کے نمائندہ خصوصی ریاض الحق نے بتایا کہ ڈریپ سربراہ دس ہزار کا الاؤنس بھی لے چکے ہیں جبکہ ان کی ڈگری کی تصدیق نہیں ہوپارہی اور وہ ایک اہم ادارے کے سربراہ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈریپ چیئرمین نے اس بارے میں کوئی واضح موقف نہیں دیا ہے بلکہ کہا ہے کہ وہ اس بارے میں تفصیل سے بتائیں گے۔

پارلیمنٹ نے بھارت کو مضبوط جواب دیا، علی محمد خان

وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ وزیراعظم نے پیغام دیا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ پارلیمنٹ کی جانب سے بھارت کو مضبوط جواب دیا گیا۔ پاک بھارت کشیدگی میں اپوزیشن کا کردار قابل تعریف ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جارحیت چاہتا ہے جبکہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو رہا کرکے امن کا پیغام دیا۔

او آئی سی اجلاس سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں بھارت کو پسپائی ہوئی۔ بھارت کی جانب سے جنگ کا خطرہ ابھی تک نہیں ٹلا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے ہمیشہ یہی رہی ہے کہ کوئی فورم خالی نہیں چھوڑنا چاہیئے لیکن وزیر خارجہ کا نہ جانا سب کا متفقہ فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف اپنے ملک کی خدمت کررہے ہیں۔

بھارتی حکومت قابل بھروسہ نہیں ہے، حنا ربانی کھر

سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت اور بھارتی حکومت قابل بھروسہ نہیں ہے۔ نریندر مودی پر اب سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں اس میں کسی قسم کا بھی ایڈونچر کرسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں او آئی سی کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیئے بلکہ او آئی سی سے بھارت کا بائیکاٹ کرانا چاہیےتھا۔ انہوں نےکہا کہ او آئی سی ہمارا فورم ہے۔

ریاست کی عملداری یقینی بنایئں گے، فواد چوہدری 

عسکریت پسندی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت جس طرح سے شدت پسندوں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اس سے پہلے کبھی نہیں کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ریاست کی عملداری یقینی بنایئں گے۔ ہم نے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں