نام نہاد بھارتی سرجیکل اسٹرائیک، عالمی برادری میں مذاق بن گیا


بھارت کے جانب سے پاکستان کے سرحدی علاقے میں نام نہاد سرجیکل اسٹرائیک خود بھارت کے لئے جگ ہنسائی کا سبب بن گیا۔

بھارتی میڈیا جہاں اپنی ائیر فورس کے قصیدے پڑھنے میں مشغول ہے وہیں سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر بھارتی دعویٰ تمسخر کا سبب بن چکا ہے۔

امریکہ سے تعلق رکھنے کامیڈین جیرمی میکلین نے ٹوئٹر سے جاری اپنے مذاح سے بھرپور ٹوئٹ میں کہا ’’بھارتی ائیر فورس نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق بھارتی طیاروں نے پاکستان کے جنگلوں میں ایک ہزار کلو گرام سے زائد ٹماٹر گرائے ہیں جبکہ اس ضمن میں مزید تفصیلات ابھی آنا باقی ہیں ‘‘۔

ٹوئٹر پر موجود دیگر صارفین نے بھی بھارتی دعوے کا خوب مزاق اڑایا۔ ایک صارف کاکہنا تھا ’’بھارت نے انتہائی مہارت سے پاکستان کے پندرہ سے زائد درختوں کو اڑا دیا جو کہ اس شخص کو آکسیجن فراہم کرنے کے ذمہ دار تھے جس نے پلوامہ میں بھارتی فوجیوں پر حملہ کیا ‘‘۔

واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ نے آج 26 فروری کی صبح لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں دراندازی کی جس کو پاک فضائیہ نے ناکام بنا دیا۔

بھارتی ایئرفورس کے طیارے خیبرپختونخوا کے علاقے بالا کوٹ تک آگئے تھے لیکن پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے طیاروں کو بھاگنے پر مجبورکردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی طیارے بالا کوٹ کے قریب اپنا پے لوڈ گرا کر واپس بھاگ گئے۔

بھارتی طیاروں کے گرائے گئے پے لوڈ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ 14 فروری کو کشمیر میں بھارتی فوج پر ہوئے حملے کے بعد پاک بھارت تعلقات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔  حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ بھارت نے حملے کے بعد بلا تحقیق پاکستان پر الزام لگایا تھا۔


متعلقہ خبریں