وزیراعظم آفس کے اخراجات میں 31 فیصد کٹوتی

وزیر اعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کر لیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں ملاوٹ شدہ دودھ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کے اراکین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی وزارتوں میں سادگی مہم پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔

وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا اور اراکین کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کو کسی بھی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کے فیصلے کو شرکائے اجلاس نے سراہا۔

وفاقی کابینہ کے اجلا س کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ وزیراعظم آفس نے اپنے اخراجات میں 31 فیصد کٹوتی کی جس سے 30 کروڑ روپے سے زائد کی بچت ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ مستقبل میں کسی بھی وفاقی وزارت کے سیکریٹری کے لیے انتخاب افسران کے پینل میں سے کیا جائے گا جس کی سفارش اعلیٰ سطحی کمیٹی کرے گی۔

کمیٹی کے سربراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شفقت محمود ہوں گے جب کہ دیگر اراکین میں متعلقہ وزیر، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اوروزیراعظم کے سیکریٹری شامل ہوں گے۔

لاہور سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب رکن قومی اسمبلی شفقت محمود کے پاس وفاقی وزیر تعلیم کا قلمدان بھی ہے۔

وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ وفاقی سیکریٹری کے عہدے پر معمول کی تعیناتی دو سال کے لیے ہو گی ابتدائی چھ ماہ میں متعلقہ وزیر سے اس کی کارکردگی کی بابت جانا جائے گا۔ اجلاس میں کیے جانے والے فیصلے کے تحت وفاقی سیکریٹری کی مدت میں ایک سال کا اضافہ اس طرح ممکن ہو گا کہ وزیراعظم اس کافیصلہ متعلقہ وزیر کی مشاورت سے کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق کابینہ نے اظہر حمید کو ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ کے اراکین نے نمل اور چین کی وائی ایم یو یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) کی منظوری دی۔ کابینہ نے چین کے ریفارمز کمیشن اور ایف بی آر کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں نادرا کے اکاؤنٹس کے آڈٹ کے لیے حسین چوہدری اینڈ کمپنی کی تعیناتی کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔ اراکین کابینہ نے جسٹس شاہد کریم کو خصوصی عدالت کا جج مقرر کرنے اور طاہرہ صفدر کو خصوصی عدالت کا صدر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے راجا عامر کو چیئرمین ٹریبونل فار نیوز پیپرز ایمپلائز (آئی ٹی این ای) تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ ویزا پروسس میں نرمی برتنے اور فیس میں کمی کی منظوری بھی دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے اراکین کو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس پر شرکا نے وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم عمران خان نے اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیں۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ نیا پاکستان ہے اور ریاست عوام کے تحفظ کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں دہشت گردی اور انہتا پسندی سب سے بڑے مسائل ہیں۔

اجلاس میں ملک کی داخلی اور خارجی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، قومی سلامتی کمیٹی نے پلوامہ واقعے پر بھارتی الزامات مسترد کیے، پاکستان کو پلوامہ واقعے میں مُلوث کرنے کی بھارتی کوششوں کی بھی شدید مُذمت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزارت داخلہ، سیکیورٹی ادارے انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

 


متعلقہ خبریں