لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق حافظ عمار یاسر نےحکومت پنجاب سے ناراضی کی بنا پر استعفی دیا تھا تاہم مسلم لیگ ق کےحکومت سے معاملات طے پانے کے بعدانھوں نےاپنا فیصلہ واپس لےلیا ہے۔
عمار یاسر نےاستعفی واپس لینےکا اعلان وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہیٰ بھی موجود تھے اور دونوں رہنماؤں کی کوششوں سے ہی وزیر معدنیات اپنا استعفی واپس لینے پر آمادہ ہوئے ہیں۔
عثمان بزدار نےحافظ عمار یاسر کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت اتحادی جماعتوں کی قدر کرتی ہے اور انہیں ساتھ لے کر چلنے پریقین رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ حافظ عمار نے رواں سال جنوری میں استعفیٰ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو پیش کیا تھا۔
عمار یاسر نے اپنے استعفٰی میں لکھا ہے کہ میری وزرات اور کام میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، وزرات کا منصب قوم کی خدمت کے لیے قبول کیا تھا۔
اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کے فاورڈ بلاک سے متعلق بیان پر بھی مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الٰہی نے ناراضی کا اظہار کیا تھا جس پر فواد چوہدری نے ان سے معذرت کی تھی اور کہا تھا کہ غلطی سے مسلم لیگ ق کا نام ان کے منہ سے نکل گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبرمیں بھی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین سے ملاقات میں گورنرپنجاب چوہدری سرور کو کنٹرول کرنے اورمداخلت سے روکنے کی بات کی گئی تھی۔
پنجاب میں تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے پاس پنجاب اسمبلی میں 10 نشستیں ہیں جن میں چکوال سے الیکشن جیتنے والے حافظ عماریاسر بھی شامل ہیں۔